2027 میں متحد ہو کر بہتر مظاہرہ کرنا ہے : اکھلیش

   

لکھنؤ۔ یکم ؍ستمبر (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کے روز پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ سال 2027کے اسمبلی انتخابات میں متحد ہو کر 2024کے لوک سبھا انتخابات سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانے کا من بنا لیا ہے ۔ کارکنان اس بات کو یقینی بنائیں کہ سماجوادی پارٹی کے حامیوں کا ایک بھی ووٹ کم نہ ہو اور ایک بھی ووٹ چھوٹنے نہ پائے ۔ بی جے پی کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور اس بار کسی قسم کا دھوکہ نہیں ہونا چاہیے ۔ پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے لیڈران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بدانتظامی، ناانصافی، ظلم و ستم اور بدعنوانی سے عوام پریشان ہیں اور وہ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ بی جے پی حکومت میں ہر سطح پر تفریق کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی جابرانہ حکومت کے خلاف پسماندہ، دلت اور اقلیت (پی ڈی اے ) متحد ہیں اور اس اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ ہے ۔ یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کا ’پی ڈی اے‘ ترقی پسند اور ترقیاتی سوچ کا حامل ہے ۔