حیدرآباد16؍جنوری ( سیاست نیوز): چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ حیدرآباد ریجنل رنگ روڈ (RRR) پر اجکٹ کیلئے حصول اراضی کے کاموں کو اگلے تین ماہ میںمکمل کرکے کام میں تیزی پیدا کریں۔ یہ پراجکٹ آگے کی منصوبہ بندی، حصول اراضی کے عمل میں درپیش چیلنجوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔ بھارت مالا پریوجنا پراجکٹ کے پہلے مرحلے کے تحت، علاقائی رنگ روڈ (شمالی) کو 158.645 کلومیٹر پر تیار کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تلنگانہ حکومت حصول اراضی کیلئے نصف فنڈز کا حصہ اداکرے گی۔ اس پراجکٹ کیلئے مطلوبہ 1935.35 ہیکٹر میں سے تقریباً 1459.28 ہیکٹر اراضی پہلے ہی حاصل کی جاچکی ہے۔تاہم گزشتہ نو مہینوں سے زمین کے حصول میں پیش رفت نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے ساتھ پیچیدہ مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ نئی حکومت کے قیام کے بعد اس منصوبے کی بحالی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ صنعتی ترقی کو تیز کرنے کیلئے حکومت نے ریاست کی تین کلسٹروں میں درجہ بندی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ایک شہری کلسٹر جو آؤٹر رنگ روڈ کے اندر ہے، ایک نیم شہری کلسٹر آر آر آر تک آؤٹر رنگ روڈ کے ارد گرد ہوگا جبکہ تیسرا آر آر آر سے آگے ایک دیہی کلسٹر ہوگا۔ چیف منسٹرریونت ریڈی جو ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں نے حکام سے فون پر بات کی اور تیزی سے RRR پراجکٹ کو مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو اگلے تین مہینوں میں زمین کا حصول مکمل کرنے اور آر آر آر (نارتھ) کے کاموں کیلئے ٹنڈر طلب کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ زمین کے حصول کا ایک جامع منصوبہ بھی تیار کریں۔انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے فائدہ مند کسی بھی کام کو انجام دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔