SIR مہم ، تلنگانہ میں دوسرے مرحلہ کے شیڈول میں توسیع کا امکان

   

چیف الیکٹورل آفیسرس سے تفصیلات طلب ، نوٹسوں کے جواب کیلئے مزید تین ہفتوں کی توسیع کی سفارش
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کے دوسرے مرحلہ میں نوٹسوں کی اجرائی ، دعوے و اعتراضات کی سماعت کیلئے مہلت میں توسیع پر غور کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو روانہ مکتوب کے پس منظر میں کمیشن دوسرے مرحلہ کی تکمیل کیلئے مزید 2 تا 3 ہفتوں کی توسیع پر غور کر رہا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں رائے دہندوں کو نوٹسوں کی اجرائی اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کی سطح پر سماعت کیلئے اضافی مہلت طلب کی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے دوسرے مرحلہ کیلئے مزید توسیع کا جائزہ لے رہا ہے اور توقع ہے کہ اندرون دو یوم باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کے مسودہ کی اجرائی کے بعد نوٹسوںکی تقسیم کا عمل مکمل کرنے 16 ستمبر کی مہلت دی گئی ہے۔ جملہ 93 لاکھ افراد کو نوٹسیں جاری کی جائیں گی جن میں 60 لاکھ سے زائد افراد کو نوٹس حوالے نہیں کی گئی اور یہ کام 16 ستمبر تک ممکن نہیں ہے۔ تلنگانہ الیکٹورل آفس سے بھی الیکشن کمیشن کو مہلت میں توسیع کی سفارش کی گئی تاکہ لاکھوں کی نوٹسوںکی اجرائی پر عوام کو ضروری دستاویزات پیش کرنے کا موقع حاصل ہو۔ چیف منسٹر نے 29 اگست کو الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ بتایا گیا کہ ووٹرس کو نوٹس کی اجرائی اور ان کی جانب سے دستاویزات کی پیشکشی کیلئے 3 تا 4 ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 19 اکتوبر کو فہرست رائے دہندگان کی قطعی لسٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ماہ کے مختصر وقفہ میں ووٹرس سے دستاویزات کی فراہمی اور اعتراضات کا جواب داخل کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے، لہذا قطعی فہرست کی اجرائی کی تاریخ میں توسیع کی سفارش کی گئی ہے ۔ بی ایل او اور ای آر او کی جانب سے بھی نوٹسوںکی اجرائی اور سماعت میں کم مہلت کے سبب دشواریوں کا اندیشہ ہے۔ بتایا گیا کہ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد الیکشن کمیشن دوسرے مرحلہ کے شیڈول میں توسیع کا اعلان کریگا۔ 1/k