آئی پی ایل میں شرکت میرے لئے سودمند : شکیب

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی اور آئی پی ایل میں شرکت کے فیصلے کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے۔ بنگلہ دیش آئی سی سی کی ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کی دوڑ میں شامل نہیں جبکہ آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی خطاب کی دوڑ میں شامل ہورہی ہے، لہذا میں نے اس کی تیاری کیلئے آئی پی ایل کو ترجیح دی تاکہ پابندی سے واپسی کرنے کے بعد مجھے تیاری کا بہتر موقع مل سکے۔ شکیب نے کہا کہ مذکورہ دو ٹسٹ مقابلے آئی سی سی چمپین شپ کے ضمن میں ہمارے آخری دو مقابلے تھے اور ہم ٹیموں کی درجہ بندی میں سب سے آخری مقام پر ہیں لہذا ان دو مقابلوں میں کامیابی یا ناکامی کا فائنل کی دوڑ پر کوئی اثر نہیں پڑتا، اس کے برعکس رواں برس کے اواخر ہندوستان میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم ٹورنمنٹ کا حصہ ہے اور آئی پی ایل میں شرکت سے اس کی تیاری کا موقع ملے گا۔