آسٹریلیا کے خلاف بنگلہ دیش کی تاریخ ٹسٹ کامیابی

   

ڈارون،16اگست (آئی اے این ایس) بنگلہ دیش نے مردوں کی ٹسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو مارارا اوول میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹسٹ فتح حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 198 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 426 رنزکا بڑا اسکور قائم کیا۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا 284 رنز پر آل آؤٹ ہوا اور بنگلہ دیش کو تاریخی کامیابی کے لیے صرف 57 رنزکا ہدف ملا، جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مومن الحق 30 اور شادمان السلام 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی اس تاریخی کامیابی میں فاسٹ بولر حسن محمود نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر9 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں حسن محمود نے 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا تھا۔ آل راؤنڈر کیمرون گرین نے تقریباً پانچ گھنٹے کریز پررہتے ہوئے 104 رنزکی شاندار سنچری بنائی۔ انہوں نے آسٹریلیائی اننگزکو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم حسن محمود نے ان کی مزاحمت ختم کرتے ہوئے انہیں بولڈ کیا۔آف اسپنر مہدی حسن میراز نے بھی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے مڈل اور لوورآرڈرکو مشکلات میں ڈال دیا۔ انہوں نے56 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں نوجوان اوپنر تنزید حسن نے شاندار سنچری اسکورکی، جبکہ مہدی حسن میراز نے65 رنزکی اہم اننگزکھیل کر ٹیم کو426 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مومن الحق نے بیو ویبسٹر کی گیند کو آف سائیڈ میں اسکوائر باؤنڈری کی جانب کھیل کر تاریخی کامیابی پر مہر ثبت کی۔یہ آسٹریلیا میں بنگلہ دیش کی پہلی ٹسٹ فتح اور آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر دوسری ٹسٹ کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ بنگلہ دیش نے دو میچوں کی سیریز میں1۔0 کی برتری حاصل کرلی ہے اور اب آسٹریلیا سیریز نہیں جیت سکتا۔ دوسرا ٹسٹ اگلے ہفتے گریٹ بیریئر ریف ایرینا، میکے میں کھیلا جائے گا۔مختصر اسکور: آسٹریلیا 198 اور 284 رنز، بنگلہ دیش 426 اور 57/1۔