اہم قومی عمل کیلئے عوام میں بیداری ضروری ، سنگاریڈی میں ضلع کلکٹر کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی ۔28 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرتیک جین کلکٹر ضلع سنگاریڈی نے مردم شماری مہم کے تحت ڈیجیٹل سیلف انرولمنٹ کا آغاز کرتے ہوئے اپنے تفصیلات آن لائن درج کروائے۔ انہوں نے کلکٹریٹ میں اپنے چیمبر میں ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کیا اور عوام سے بھی اس سہولت سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔پرتیک جین کلکٹر ضلع سنگاریڈی نے کلکٹریٹ میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مردم شماری کے عمل کو آسان، شفاف اور جامع بنانے کے لیے ڈیجیٹل سیلف انرولمنٹ سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ عوام اب اپنے اور اپنے افراد خاندان کی تفصیلات کو ویب پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے خود درج کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ عمل 26 اپریل سے شروع ہو چکا ہے اور 10 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ رجسٹریشن صرف 15 منٹ میں مکمل کی جا سکتی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد ہر فرد کو ایک منفرد سیلف انرولمنٹ آئی ڈی (SEID) جاری کی جائے گی۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ جب فیلڈ اینیومریٹرس گھر گھر پہنچیں گے تو شہریوں کو اپنی SEID فراہم کرنی ہوگی جس کے ذریعے آن لائن درج معلومات کی تصدیق کی جائے گی۔ اس سہولت سے ملازمت پیشہ افراد، طلباء ، مہاجر مزدور اور سفر میں مصروف افراد بھی آسانی سے مردم شماری میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ درست پتہ اور مکمل معلومات درج کریں کیونکہ انہی تفصیلات کی بنیاد پر فیلڈ عملہ مقرر کیا جائے گا۔ مردم شماری میں درج کی جانے والی معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا۔ کلکٹر نے زور دیا کہ مردم شماری ایک اہم قومی عمل ہے جو فلاحی اسکیمات کی مؤثر عمل آوری اور ہمہ جہت ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا ضلع کے تمام عوام اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل سیلف انرولمنٹ کے متعلق وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ عوام میں بیداری پیدا ہو اور یہ عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر پانڈو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینسس رما دیوی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔