آندھراپردیش اسمبلی میں 2.94 لاکھ کروڑ کا سالانہ بجٹ پیش

   

اقلیتی بہبود کیلئے 4376 کروڑ مختص، وزیر فینانس پی کیشو نے بجٹ پیش کیا
حیدرآباد 11نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسمبلی میں سال 2024-25 کا بجٹ پیش کیا گیا جو 2.94 لاکھ کروڑ پر مشتمل ہے۔ وزیر فینانس پی کیشو نے ایوان میں بجٹ پیش کرکے ریاست کے مالیاتی پہیوں کے دوبارہ آغاز کا اعلان کیا۔ قبل ازیں صبح میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بجٹ کو منظوری دی گئی ۔ وزیر فینانس پی کیشو نے بجٹ میں 34743.38 کروڑ کے مالیاتی خسارہ کا تخمینہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی مالی حالت کے پیش نظر حکومت نے بجٹ تیار کیا تاکہ مالیاتی پہیے دوبارہ کام کرنے لگے۔ بجٹ میں ریونیو اخراجات 235916.99 کروڑ ہیں جبکہ کیاپٹیل اخراجات 32712.84 کروڑ بتائے گئے ہیں۔ تلگو دیشم نے انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے تھے، انہیں پیش نظر رکھتے ہوئے اہم شعبہ جات کیلئے زائد بجٹ مختص کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کے قلمدان ، پنچایت اور رورل ڈیولپمنٹ کیلئے 16739 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ اسکولی تعلیم کیلئے 29909 کروڑ جبکہ محکمہ صحت کیلئے 18421 کروڑ مختص کئے گئے ۔ وزیر فینانس نے مالیاتی بحران کیلئے سابق وائی ایس آر کانگریس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور عوام کو بھروسہ دلایا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر باقی نہیں رہے گی۔ اقلیتی بہبود کیلئے 4376 کروڑ مختص کئے گئے جو علحدہ آندھراپردیش کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ ایس سی ویلفیر کیلئے 18497 کروڑ ، ایس ٹی ویلفیر کیلئے 7555 کروڑ ، بی سی ویلفیر کیلئے 39007 کروڑ مختص کئے گئے ۔ اعلیٰ تعلیم کے لئے 23236 کروڑ بلدی نظم و نسق کیلئے 11490 کروڑ جبکہ محکمہ برقی کیلئے 8207 کروڑ مختص کئے گئے۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر فینانس پی کیشو نے کہا کہ بجٹ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی بھلائی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ 1