ممبئی 8 اکٹوبر ( ایجنسیز ) بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کا آج دیہانت ہوگیا ۔ کہا گیا ہے کہ قلب پر حملہ کی وجہ سے نانا پاٹیکر کا دیہانت ہوا ۔ وہ اپنے کمرہ میں بیہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ ان کی سانس بحال کرنے کی ممکنہ کوششیں ناکام ہونے کے بعد ان کے دیہانت کی توثیق کردی گئی ۔ نانا پاٹیکر کی آخری رسومات مہاراشٹرا کے شہر پونے کے قریب واقع ان کے فارم ہاوز میں تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام پائیں۔ ان کے دیہانت پر کئی فلمی شخصیتوں اور سیاسی قائدین نے افسوس کا اظہار کیا ۔
معروف اداکار نانا پاٹیکر کا 75 برس کی عمر میں دیہانت
ممبئی، 8 اکتوبر (یو این آئی): نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ ممتاز اداکار وشوناتھ پاٹیکر، جو فلمی دنیا میں نانا پاٹیکر کے نام سے معروف تھے کا جمعرات کو گوا میں اپنی رہائش گاہ پر حرکت قلب بند ہونے کے باعث 75 برس کی عمر میں دیہانت ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق نانا پاٹیکر کو گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔ نانا پاٹیکر ہندی اور مراٹھی سنیما کے ان ممتاز فن کاروں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی منفرد اداکاری، پُراثر مکالمہ گوئی اور غیر معمولی جذباتی اظہار سے پردئہ سیمیں پر ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ کئی دہائیوں پر محیط اپنے شاندار فلمی سفر میں انہوں نے متنوع اور مشکل کردار نبھائے ۔ ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اب تک چھپن‘، ’نٹ سمراٹ‘اور ’ویلکم‘ان کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ فلمی خدمات کے اعتراف میں انہیں تین قومی فلم ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی، اسپیکر لوک سبھا کے بشمول مختلف جماعتوں کے قائدین نے نانا پاٹیکر کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔بالی ووڈ نے بھی رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے سنجیدہ مرکزی کرداروں سے لے کر منفی کرداروں، پولیس افسران اور مزاحیہ کرداروں تک مختلف النوع کرداروں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پردئہ سیمیں کی چمک دمک سے پرے نانا پاٹیکر کی زندگی سماجی خدمت سے بھی عبارت رہی۔ وہ بالخصوص کسانوں اور دیہی مہاراشٹر سے وابستہ مسائل کے لیے سرگرم رہے اور معاشی مشکلات سے دوچار افراد کی مدد کے لیے مختلف فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ۔
ان کی نجی زندگی بھی نشیب و فراز سے خالی نہیں تھی۔ نانا پاٹیکر نے 1978 میں نیلکانتی پاٹیکر سے ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔ اس جوڑے کے دو بیٹے ، درواسا اور ملہار تھے ۔ ان کے بڑے بیٹے درواسا کا کم عمری میں بیماری کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔ بعد ازاں ذاتی اختلافات کے سبب نانا پاٹیکر اور نیلکانتی کئی برس الگ الگ رہے ، تاہم قانونی طور پر ان کا رشتہ برقرار رہا۔
نانا پاٹیکر کے انتقال کی خبر سے فلمی دنیا میں صفِ ماتم بچھ گئی اور ان کے بے شمار مداح سوگوار ہو گئے ۔ ایک منفرد لہجے ، بے مثال مکالمہ ادائیگی اور حقیقت سے قریب اداکاری کے باعث ہندوستانی سنیما میں ان کی خدمات کو ایک طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔