اردو اسکولس و اساتذہ کے حقوق کیلئے قابل تقلید جدوجہد

   

ریاض احمد خاں کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی، جلسہ عتراف خدمات، مختلف شخصیتوں کا خراج تحسین

سنگاریڈی۔ 30 جون ( ایم اے قادر فیصل ) متحدہ ضلع میدک کے معروف استاذ جناب ریاض احمد خان اسٹیٹ جنرل سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ( سوٹا) و اسکول اسسٹنٹ مخدوم نگر سنگاریڈی آج اپنی 40 سال، 9 ماہ اور 14 دن پر محیط کامیاب سرکاری خدمات انجام دینے کے بعد وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ ان کی سبکدوشی پر ضلع سنگاریڈی سمیت ریاست بھر کے تعلیمی، ادبی، سماجی اور ملی حلقوں میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریاض احمد خان نے اپنی پوری ملازمت کے دوران نہ صرف ایک مخلص اور باصلاحیت استاد کی حیثیت سے طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کی بلکہ اردو زبان، اردو اسکولس اور اردو اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ صفِ اول میں رہ کر جدوجہد کی۔ تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ انہوں نے اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے ریاستی جنرل سکریٹری کے علاوہ وہ یو ٹی ایف (متحدہ ضلع میدک) کے جنرل سکریٹری سمیت مختلف تعلیمی، سماجی، ملی تنظیموں سے وابستہ رہے۔ انہوں نے اساتذہ کے جائز حقوق، ملازمت سے متعلق مسائل، ترقی، تبادلوں میں شفافیت، نئے تقررات، خالی جائیدادوں کی نشاندہی اور اردو اساتذہ کو انصاف دلانے کے لیے سرگرم جدوجہد کی۔ جناب ریاض احمد خان نے مختلف سرکاری تعلیمی منصوبوں میں بھی اپنی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے تعلیمِ بالغان (شعبۂ اردو)، ڈی پی ای پی اور سروا شکشا ابھیان (SSA) کے شعبۂ اردو میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے اردو ذریعہ تعلیم کو مستحکم بنانے، تعلیمی معیار کو بہتر کرنے اور اردو طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کی وظیفہ پر سبکدوشی کے موقع پر مختلف اساتذہ تنظیموں کے قائدین، اردو اساتذہ، سماجی، ادبی شخصیات اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔