اردو میڈیم اسکولوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

   

مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات پر زور ، کریم نگر کے اساتذہ تنظیموں کی وائس چیرمین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے نمائندگی

کریم نگر: کریم نگر کا ایک وفدجو تلنگانہ اردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن آئیٹا اور سوٹا کے ذمہ داروں پرمشتمل تھا 24 اکٹوبر کو جناب بی ونود کمار تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین سے ان کی رہائش گاہ حیدرآباد دفتر پر ملاقات کرتے ہوئے اردو میڈیم کے مختلف مسائل کے حل کیلئے علحدہ طور پر نمائندگی کرتے ہوئے یادداشتیں پیش کی گئیں ۔ اردو میڈیم کی مخلوعہ جائیدادیں 553 جو روسٹر سسٹم کے تحت روک دی گئی ہے اردو مدارس کے علاوہ تلنگانہ اقلیتی و اقامتی اسکولوں میں زبان اردو میں 72 ٹی جی ٹی اور 71 پی جی ٹی بھی موجود ہیں ان تمام جائیدادوں کو ڈی ریزرویشن کے تحت پُر کریں۔ اسپیشل اردو ڈی ایس سی جو وزیر اعلیٰ نے وعدہ کیا تھا جس میں یو ڈائز کے مطابق تمام پوسٹس شامل ہیں اس کو جلد سے جلد منعقد کریں۔ اردو میڈیم کی 15 جونیر کالجس کی 69 گیسٹ لکچررس کی کی جائیدادوں کو کنٹراکٹ زمرہ میں شامل کیا جائے۔ ایس سی ای آر ٹی میں اردو میڈیم کے ٹیچرس کی نمائندگی کیلئے فارن سرویس کے ذریعہ اردو اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے اور ساتھ ہی ساتھ ودیا والینٹرس اور مدرسہ ودیا والینٹرس کی بقیہ تنخواہوں کوجلد سے جلد جاری کریں۔ ان مسائل پر غور کرنے کے بعد جناب بی ونود کمار نے اپنی جانب سے سی ایم پیشی میں اندراج کرواتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کا مثبت انداز میں تیقن دیا اور کہا کہ تقررات کے عمل میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ اس موقع پر جناب محمد ساجد ٹی آر ایس لیڈر ، جناب محمد نثار گلف اسکول، جناب سید افضل محی الدین سرپرست ٹرینڈ ٹیچرس ، سید مطہر الدین صدر ٹرینڈ ٹیچرس ، عبدالمجید اشتیاق معتمد ٹرینڈ ٹیچرس ، جناب اظہار حسین آرگنائزر ٹرینڈ ٹیچرس ، جناب سید خواجہ اظہر نائب صدر ٹرینڈ ٹیچرس، جناب محمد افضل 4 ٹی وی رپورٹر اور محمد سہیل بیگ موجود تھے۔