تل ابیب، 24 جون (یو این آئی) پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سے ناخوش اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کا امریکی فوجی امداد پر انحصار کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ایک بار پھر اپنے ملک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی فوجی خودمختاری میں اضافہ کرے اور امریکہ کی فوجی امداد پر انحصار کم کرے ۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک تربیتی کورس کے دوران ریزرو افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے امریکی دوستوں سے ملنے والی فوجی امداد کی دل سے تعریف کرتا ہوں، لیکن ہمیں اس انحصار سے آزاد ہونے اور اپنا آزادانہ اسلحہ سازی کا نیٹ ورک بنانے کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ نیتن یاہو کا مذکورہ بیان 18 جون کو اُس وقت سامنے آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان مشرق وسطیٰ کی جنگ ختم کرنے کے ابتدائی معاہدے ہوا، اسرائیل میں اس معاہدے کے خلاف شدید مخالفت کی گئی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج میں کہتا ہوں کہ ہمیں اپنے آزاد اسلحہ سازی کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے ، ہمیں اپنے ہتھیار خود تیار کرنے چاہییں۔ کونسل آن فارن ریلیشنز کے اعداد و شمار کے مطابق 1948 سے اسرائیل نے 300 بلین ڈالر سے زیادہ کی امریکی اقتصادی اور فوجی امداد حاصل کی ہے۔