اظہرالدین اور کودنڈا رام کی کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف برداری

   

وزارت پر خطرہ ٹل گیا، ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء نے مبارکباد پیش کی

حیدرآباد ۔27۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمداظہرالدین اور پروفیسر کودنڈا رام نے قانون ساز کونسل کے رکن کے طور پر آج حلف لیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے دونوں ارکان کو حلف دلایا۔ اسمبلی میں صدرنشین کونسل کے چیمبر میں حلف برداری تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ریاستی وزراء ، سریدھر بابو ، جی ویویک وینکٹ سوامی ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، نائب صدرنشین کونسل بنڈا پرکاش مدیراج ، رکن راجیہ سبھا وی نر یندر ریڈی اور کانگریس کے ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔ محمد اظہرالدین نے خدا کے نام پر انگریزی میں حلف لیا۔ واضح رہے کہ گورنر شیو پرتاپ شکلا نے گورنر کوٹہ کے تحت کونسل کی نشستوں کے لئے حکومت کی جانب سے سفارش کردہ محمد اظہرالدین اور پروفیسر کودنڈا رام کے ناموں کو منظوری دے دی اور اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ گورنر کی منظوری کے نتیجہ میں محمد اظہرالدین کی وزارت میں برقراری پر تعطل ختم ہوچکا ہے۔ محمد اظہرالدین کو 30 اپریل سے قبل اسمبلی یا کونسل کا رکن منتخب ہونا لازمی تھا کیونکہ وزارت میں ان کے 6 ماہ مکمل ہوجائیں گے۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے موقع پر محمد اظہرالدین کو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا اور گورنر کی منظوری کے بعد ان کی وزارت میں برقراری یقینی ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی حکومت نے کابینہ کے ذریعہ دوسری مرتبہ اظہرالدین اور پروفیسر کودنڈا رام کے ناموں کی گورنر سے سفارش کی تھی۔ حلف برداری کے موقع پر اظہرالدین کے افراد خاندان موجود تھے۔1/k