امریکہ ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعلقات میں اضافہ کا خواہاں

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کی نئی دستاویزات کے مطابق واشنگٹن چین کے بڑھتے قدم کو روکنے اور بحر ہند کے علاقے میں آزاد اور کھلی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستان کے ساتھ اپنی اہم دفاعی شراکت داری کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہتا ہے۔امریکہ نے جمعرات کے روز اپنی قومی دفاعی حکمت عملی 2022 سے متعلق جو نئی پالیسی جاری کی ہے اس کے مطابق، بائیڈن انتظامیہ چینی جارحیت کو روکنے اور متنازعہ زمینی سرحدوں جیسے علاقوں میں ’گرے زون‘سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے، ہندوستان کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات کو تیزی سے آگے بڑھانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔یہ نئی دستاویز امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے جاری کی گئی ہے، جس میں دفاعی حکمت عملی کی تفصیلات موجود ہیں۔ یہ صدر جو بائیڈن کی قومی سلامتی کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا اعلان رواں ماہ کے اوائل میں کیا گیا تھا۔اس حکمت عملی کو امریکی کانگریس کی بھی حمایت حاصل ہے، جو وقتاً فوقتا امریکی قومی سلامتی کی ترجیحات کا نہ صرف جائزہ لیتی رہتی ہے بلکہ حکمت عملی کی سمت بھی متعین کرتی ہے۔