اناہت اور ابھے نے اسکواش سنگلز میں سلور میڈلز جیتے

   

آئچی۔ناگویا، 27 ستمبر (یواین آئی) اسکواش میں ہندوستان کے جونیئر عالمی چمپئن اناہت سنگھ اور ابھے سنگھ کو سنگلز کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد دونوں کو چاندی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا۔ خواتین سنگلز کے فائنل میں اناہت کو ملائیشیا کی عالمی نمبر پانچ شیو سنگری سبرامنیم نے, 11-4, 11-7) 3-0 (11-4 سے شکست دی۔ ہانگژو 2023 میں مکسڈ ڈبلز اور ٹیم مقابلوں میں کانسی کے تمغے جیتنے والی اناہت نے اب چاندی کا تمغہ بھی اپنے نام کرلیا ہے ۔ عالمی نمبر پانچ شیو سنگری ایشین گیمز میں خواتین سنگلز کی موجودہ چمپئن ہیں۔ مردوں کے سنگلز فائنل میں ابھے سنگھ کو ملائیشیا کے این یو این جی نے 3-0 (11-9, 11-5, 11-5) سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا، جبکہ ابھے نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ابھے نے دوسرے راؤنڈ میں تھائی لینڈ کے ارکارادیت ارکاراہیرونیا کو 11-1، 11-0، 11-2 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد راؤنڈ آف 16 میں سری لنکا کے رویندو لکشیری کو 11-3، 11-5، 11-6 سے ہرایا۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے جاپان کے ریونوسوکے تسوکُوئے کو سیدھے گیمز میں شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد اصحاب عرفان کو 11-3، 12-10، 11-6 سے ہرا یا تھا۔ایشین گیمز میں یہ ابھے کا مجموعی طور پر تیسرا تمغہ ہے ۔ انہوں نے 2022 میں ٹیم مقابلے میں طلائی اور مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔