امیر پیٹ میں مجسمہ کی نقاب کشائی ، بی آر ایس کے اعتراضات مسترد
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی اور این ٹی آر ملک میں فلاحی اسکیمات کی تحریک کی بنیاد رہے ہیں اور دونوں قائدین نے غریبوں کے لئے کئی انقلابی قدم اٹھائے۔ چیف منسٹر نے آنجہانی این ٹی آر کے یوم پیدائش کے موقع پر امیر پیٹ چوراہے پر مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ این ٹی آر نہ صرف آندھراپردیش بلکہ تلنگانہ کیلئے بھی قابل احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام جنہیں بھائی کہہ کر پکارتے تھے ، ان کے مجسمہ کی نقاب کشائی میری زندگی کی ناقابل فراموش یادگار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس کے سیاسی حریف این ٹی آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی پر بعض گوشوں کی جانب سے اعتراض کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر ذات پات ، مذہب اور علاقائی حدود سے بالاتر اور ایک قومی رہنما تھے۔ این ٹی آر نے چیف منسٹر کے طور پر کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا اور تلنگانہ حکومت ان کے جذبہ پر عمل پیرا ہے۔ کے ٹی آر پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر کا نام این ٹی سی سے متاثر ہوکر تارک راما راؤ رکھا گیا لیکن آج وہ این ٹی آر کے مجسمہ پر تنقید کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تین قومی قائدین نے غریبوں کیلئے انقلابی قدم اٹھائے ، ان میں ڈاکٹر امبیڈکر ، اندرا گاندھی اور این ٹی آر شامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت ، اندرا گاندھی اور این ٹی آر کے نظریات پر عمل پیرا ہیں۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جارہی ہے اور 30,000 ایکر پر بھارت فیوچر سٹی تعمیر کی جائے گی۔عالمی کمپنیاں فیوچر سٹی میں سرمایہ کاری کریں گے جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔1/k/m/b