اندراماں ہاوزنگ ٹاورس کیلئے 61,500 درخواستیں موصول

   

360 ڈگری آن لائن جانچ، اہل و نااہل امیدواروں کی فہرست ویب سائٹ پر جاری ہوگئی

حیدرآباد۔ 19 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہاوزنگ بورڈ نے حیدرآباد کے 16 اسمبلی حلقوں میں (CURE) ریجن کے تحت تعمیر کئے جانے والے اندرا اماں این آئی جی ٹاورس کے 7340 فلیٹس کے لئے موصولہ تمام درخواستوں کی حتمی جانچ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ عہدیدار اہل اور نااہل درخواست دہندگان کی تفصیلات مع وجوہات عام پبلک ڈومین اور آفیشیل پورٹل پر آویزاں کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہر کے 16 اسمبلی حلقوں میں قائم 7340 فلیٹس کی الاٹمنٹ کے لئے 61,500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ فی الوقت تمام درخواستوں کی (CGG) کے ذریعہ 360 ڈگری تکنیکی اور ڈیٹا بیس جانچ کی جارہی ہے۔ ویب سائٹ پر واضح کیا جائے گا کہ آیا درخواست دہندہ نے تمام سرکاری ضوابط رہائشی ثبوت اور آمدنی کی شرائط پوری کی ہیں یا نہیں۔ اگر کسی کی درخواست مسترد ہوئی ہے تو اس کی عین وجہ بھی آن لائن درج کی جائے گی۔ ہاوزنگ بورڈ کی جانب سے فہرست جاری کرنے کے بعد شہریوں کو اپنے اعتراضات اور اپلیس جمع کرانے کے لئے ایک مخصوص ڈیڈ لائن دی جائے گی۔ تمام اعتراضات کی تفتیش اور قطعی تصدیق کے بعد اگست کے اواخر تک قرعہ اندازی کے ذریعہ فلیٹس کے مستحقین کا شفاف انتخاب کیا جائے گا۔ درخواست دہندگان اپنی درخواست کی حالت جاننے کے لئے تلنگانہ ہاوزنگ بورڈ پورٹل پر لاگ ان کرکے تفصیلات دیکھ سکیں گے۔ 2؍F