اندرما ہاؤزنگ اسکیم کے مکانات کی منظوری جلد کی جائے: کلکٹر

   

کاماریڈی: 9 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سانگوان نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ جھونپڑیوں میں مقیم مستحق خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کی منظوری کا عمل تیز کیا جائے تاکہ ضلع کو مکمل طور پر جھونپڑیوں سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔منگل کے روز راماریڈی منڈل کی وڈیر کالونی کے دورہ کے موقع پر ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے جھونپڑیوں میں رہنے والے خاندانوں کی حالت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جن مستحق خاندانوں کے پاس رہائش کی سہولت موجود نہیں ہے، ان کی تفصیلات زمینی سطح پر جمع کرتے ہوئے سرکاری رہنما خطوط کے مطابق فوری طور پر تجاویز تیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری مرحلہ کی اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت جھونپڑیوں میں رہنے والے تمام مستحق افراد کی نشاندہی کرکے انہیں مکانات منظور کیے جائیں۔ اگر ادائیگیوں سے متعلق مسائل درپیش ہوں تو اے پی ایم کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔آشیش سانگوان نے زور دے کر کہا کہ حقیقی مستحقین کی شناخت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غلطی نہ ہونے پائے، اس کے لیے دیہی سطح پر جامع سروے انجام دیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر اہل خاندان کو سرکاری رہائشی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔ ضلع کلکٹر نے اندراما مکانات کی تعمیر سے متعلق زیر التوا اُمور کا مسلسل جائزہ لینے، کاموں میں تیزی لانے اور استفادہ کنندگان کو ضروری تکنیکی و انتظامی تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس موقع پر پی ڈی ہاؤسنگ وجئے پال ریڈی، ایم آر او، سرپنچ بنڈی پروین، ایم پی ڈی او ناگیشور راؤ، مختلف محکموں کے عہدیداران، عوامی نمائندے اور مقامی دیہاتی موجود تھے۔