نئی دہلی : جنوبی کوریا کی اسٹیل کمپنی پوسکو اور اڈانی گروپ نے گجرات کے موندرا میں 5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک مربوط اسٹیل مل قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔دونوں کمپنیوں نے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے مختلف صنعتوں جیسے قابل تجدید توانائی، ہائیڈروجن اور لاجسٹکس وغیرہ میں تعاون کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔اڈانی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس تعاون کے ایک حصے کے طور پرمشترکہ طور پر مندرا میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور پوسکو کی تحقیق اور ترقی پر مبنی ایک مربوط اسٹیل مل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق اپنی اپنی کمپنیوں کے تکنیکی، مالیاتی اور آپریشنز کو ایک دوسرے کے لیے مفید بنانے کے لیے مختلف آپشنز تلاش کریں گے ۔اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا”مجھے پوسکو کے ساتھ شراکت کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے ، جو اسٹیل کی پیداوار اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں دنیا کی سب سے موثر اور جدید ترین اسٹیل بنانے والی کمپنی ہے ۔