کولکاتہ : ملک کے مشہور صنعت کار اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی فلاحی اسکیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کی کرشماتی قیادت کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں خواتین اور نوجوانوں کے امپاورمنٹ پر توجہ دی جارہی ہے اور اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوںنے ریاست میں 10ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔اڈانی نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو کرشماتی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں پہلی مرتبہ کلکتہ آیا ہوں مگر بنگالی تہذیب و تمدن سے ہمیشہ متاثر رہا ہوں، مجھے بنگال میں ہمیشہ دلچسپی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈانی گروپ نے بحیرہ عرب میں اپنا کاروبار شروع کیا تھا اورآج خلیج بنگال تک اس کی توسیع ہورہی ہے ۔انہوں نے ممتا بنرجی کی کنیا شری اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لڑکیوں میں خود اعتمادی پیدا ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ نے اس اسکیم پر ایوارڈ دیا ہے ۔بنگال کے عوام سواتھی ساتھی کارڈ سے فائدہ اٹھارہے ہیں، بنگال نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس پر دوسری ریاستوں کو بھی غور کرنا چاہیے ۔یہ سب ممتا بنرجی کے کرشماتی شخصیت کاکارنامہ ہے ۔گوتم اڈانی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کا عہد کیا ہے ۔