ایس آئی آر کی خانہ پری کیسے کریں ، کون سے دستاویزات قابل قبول

   

محمد شکیل احمد (ظہیرآباد)

  ہماری ریاست تلنگانہ میں 25 جون 2026 سے بی  ایل او ،گھر گھر آنے والے ہیں اور اینیومریشن فارم آپ کو دیں گے اس فارم کی خانہ پوری بہت ہی اہم مرحلہ ہے، ذرا سی چوک بھی ووٹ کے حق سے محروم کر سکتی ہے اس آرٹیکل میں اینیومریشن فارم کیسے بھرا جائے اس کے تعلق سے تفصیلی طور پر بتلایا جا رہا ہے۔اینیومریشن فارم کیسے بھریں؟

اینیومریشن فارم دو حصوں پر مشتمل رہے گا پہلے حصے کو چار کالم میں تقسیم کیا گیا ہے دوسرے حصے میں کس کوکونسے دستاویزات کو جمع کروانا ہے وہ بتلایا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کون کون سے دستاویزات قابل قبول ہیں بتلایا گیا ہے۔
بوتھ لیول آفیسر کی جانب سے آپ کے گھر پرآ کر اینیومریشن فارم کی دو کاپی دی جائیں گی ایک کاپی بی ایل او خودآپکی دستخط کر کے لے جائیں گے دوسری کاپی ووٹر کے لیے رہے گی ووٹر کی کاپی ہو یا بی ایل او کی کاپی دونوں پر بی ایل او کی دستخط ہونا ضروری ہے بالخصوص آپ کو دی جانے والی کاپی پر تو بی ایل او کی دستخط ہونا ضروری ہے کسی قسم کی پیچیدگی کی صورت میں آپ کی کاپی ایک اہم سند کا کام کریگی۔
پہلا حصہ کالم نمبر ایک—————–
پہلے کالم میں آپ کی پرنٹ شدہ معلومات رہیں گی اور یہ تمام معلومات 2025 کی ووٹر لسٹ سے لی جا رہی ہیں جس میں آپ کے بی ? ایل ? او، کا نام اور موبائل نمبر درج رہے گا پہلا کالم جملہ پانچ خانوں پر مشتمل رہے گا۔
پہلے خانے میں ووٹر کا نام پتہ اور ووٹر آئی ڈی نمبر درج رہے گا۔
دوسرے خانے میں پولنگ اسٹیشن کا نام ،نمبر اور اسمبلی حلقے کا نام درج رہے گا۔
تیسرے خانے میں کیو آر کوڈ درج رہے گا جو بی ایل او کے کام آئے گا۔
چوتھے خانے میں آپ کی ووٹر لسٹ 2025 میں موجود فوٹو چسپاں رہے گی ۔
پانچویں خانے میں آپ کو حالیہ فوٹو چسپاں کرنی ہوگی جس میں دونوں کان واضح نظر آنا ضروری ہے اور فوٹو کا بیک گراؤنڈ سفید ہونا ہوگا۔
مذکورہ بالا معلومات چونکہ پرنٹ شدہ رہے گی اور یہ تمام معلومات حالیہ ووٹر لسٹ سے لی گئی ہیں لہذا تمام معلومات کو
اچھی طرح سے دیکھ لیں اگر کہیں کوئی غلطی ہو تو تصحیح کر کے اپنے بی ایل او، کو اطلاع دیں
نوٹ:- پہلے کالم کے پانچ خانوں کی تمام تر معلومات 2025 کی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر رہیں گی۔
پہلا حصہ دوسرا کالم————-
اس حصے کو موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرنا ہوگا اس کالم میں سب سے پہلا خانہ تاریخ پیدائش کا ہوگا موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ میں جو تاریخ پیدائش ہے وہ درج کرنا ہوگا۔
اگر کسی کے موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ میں تاریخ پیدائش میں صرف سال لکھا ہو تو موجودہ تاریخ سے پیدائش کے سال کو تفریق کر کے مکمل شدہ سال لکھ دیں
دوسرا خانہ آدھار کارڈ نمبر کا ہے اور آدھار کارڈ نمبر لکھنا یا نہ لکھنا آپ کا اختیار ہے ۔
دوسرے کالم میں تیسرا خانہ موبائل نمبر کا ہے بہتر ھیکہ ووٹر آئی ڈی کارڈ سے جو نمبر لنک کیا ہوا ہے وہ موبائل نمبر لکھ دیں یا پھر آدھار کارڈ سے جو موبائل نمبر لنک کیا ہوا ہے اس کو لکھیں اس کے علاوہ دوسرا نمبر بھی لکھ سکتے ہیں ۔
دوسرے کالم میں چوتھا خانہ ولدیت کا ہے یہاں پر والد کا نام لکھنا ہے یہاں یہ بات یاد رکھنی ضروری ہے کہ موجودہ ووٹر لسٹ میں والد کا نام جیسے لکھا ہو ویسا ہی لکھیں
نوٹ:- ووٹر لسٹ میں عورتوں کے نام کے آگے شوہر کا نام لکھا ہو تب بھی والد کا نام ہی لکھنا ہوگا ۔
دوسرے کالم میں پانچواں خانہ والد کے ووٹر آئی ڈی نمبر کا ہے اگر والد کا موجودہ ووٹر آئی ڈی نمبر دستیاب ہو تو لکھ دیں ورنہ چھوڑ دیں یہ اختیاری ہے
دوسرے کالم میں چھٹواں خانہ والدہ کے نام سے متعلق ہے اس خانے میں والدہ کا نام لکھیں ۔
دوسرے کالم میں ساتواں خانہ والدہ کے ووٹر آئی ۔ ڈی نمبر سے متعلق ہے اگر والدہ کا ووٹر آئی ۔ ڈی نمبر دستیاب ہو تو لکھیں ورنہ چھوڑ دیں یہ خانہ اختیاری ہے ۔
دوسرے کالم میں آٹھواں خانہ شریک حیات/ شوہر کے نام سے متعلق ہے اپنی شریک حیات/ شوہر کا نام لکھیں غیر شادی شدہ ووٹرز اس خانے کو چھوڑ دیں ۔
دوسرے کالم میں نواں خانہ شریک حیات/ شوہر کے ووٹر آئی ڈی نمبر سے متعلق ہے یہاں پر ان کا ووٹر آئی ڈی نمبر لکھنا ہوگا اور یہ اختیاری ہے جو غیر شادی شدہ ہیں اس خانے کو چھوڑدیں ۔
پہلا حصہ تیسرا کالم——
تیسرا کالم نہایت اہم ہے اور اس کالم کی احتیاط سے خانہ پری کرنا ضروری ہے ۔
تیسرے کالم کے دو حصے بنائے گئے ہیں بائیں جانب والاحصہ اور دائیں جانب والاحصہ
بائیں جانب والا حصہ—–
بائیں جانب والا حصہ ان ووٹرز کے لیے مختص کیا گیا ہے جن کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں شامل تھا یہ ووٹرز بائیں جانب والے حصے کی خانہ پری کریں گے بائیں جانب والے حصے میں جملہ دس نکات ہیں ان کی خانہ پری کرنا ضروری ہے ۔
یہاں اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ مذکورہ بالا دس نکات 2002 کی ووٹر لسٹ کی تفصیلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی خانہ پری کریں 2002 میں جو تفصیلات درج تھیں 2002 کی ووٹر لسٹ کو سامنے رکھتے ہوئے من و عن خانہ پری کرنا ہوگا چاہے موجودہ وقت میں موجود نام 2002 کی ووٹر لسٹ سے مطابقت نہ بھی رکھتا ہو تو اس صورت میں بھی 2002 کی ووٹر لسٹ میں جو نام جیسے تھا ویسے ہی لکھنا ہے ۔
اگر کسی کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں نہیں تھا تو ان کو یہ بایاں والا حصہ کارگر نہیں رہے گا بلکہ دایاں والا حصے کو پرکرنا ہوگا ۔
نکتہ نمبر1) ووٹر کا نام:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
2) ووٹر آئی ڈی نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق( اگر دستیاب ہو تو)
3) رشتہ دار کا نام:- والد کا نام/ شوہر کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
4) رشتہ داری:- والد/ شوہر
ضلع:- 2002 میں ضلع کا نام
ریاست:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
اسمبلی حلقے کا نام:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
اسمبلی حلقے کا نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
پولنگ اسٹیشن نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
ووٹر لسٹ کا سیریل نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
تیسرے کالم کا دایاں حصہ—————-
یہ ان ووٹرز کے لیے ہے جن کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں نہیں تھا لیکن ان کے عزیز و اقارب جیسے والد/ والدہ یا دادا/ دادی کا نام تھا ان کی تفصیلات 2002 کی ووٹر لسٹ کے حساب سے درج کرنی ہوگی
نکتہ نمبر1) نام:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
2) ووٹر آئی ڈی نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق( اگر دستیاب ہو)
3) رشتہ دار کا نام:- آپ کے رشتہ دار کے والد کا نام لکھنا ہوگا( نکتہ نمبر ایک میں جو نام لکھا گیا ہے ان کے والد کا نام لکھنا ہوگا)
رشتہ داری:- نکتہ نمبر ایک میں جو نام لکھا گیا ہے ان سے ووٹر کی کیا رشتہ داری ہے لکھنا ہوگا جیسے والد/ شوہر/دادا/دادی
ضلع:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
ریاست:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
اسمبلی حلقے کا نام:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
اسمبلی حلقے کا نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق ہو۔
پولنگ اسٹیشن نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق ۔
سیریل نمبر:- 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق
نوٹ:- جن کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہے ان کو ہی تیسرے کالم کا دایاں حصہ بھرنا ہوگا اور تیسرے کالم کا بایاں حصہ خالی چھوڑ دینا ہوگا
چوتھا کالم———–
چوتھے کالم میں ووٹر کو دستخط یا انگوٹھا لگانا ہوگا یا ووٹر کی طرف سے گھر کا بالغ ممبر دستخط کر سکتا ہے –
آخر میں بی ایل او دستخط کر کے ووٹر کو ایک فارم دے گا اور دوسرا فارم خود رکھ لیگا ۔