سفارشات کے جائزہ کے بعد منظوری دینے محکمہ تعلیمات کا فیصلہ
حیدرآباد۔30۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات میں اب مستقل طور پر صرف 6پرچہ جات ہوں گے۔ ریاستی حکومت کو موصول ہونے والی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی حکومت نے محکمہ تعلیم کی جانب سے روانہ کی گئی ان سفارشات کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایس ایس سی سالانہ امتحانات کے پرچہ جات کو 11 سے گھٹا کر 6 کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔گذشتہ برسوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب تعلیم متاثر ہونے کے نتیجہ میں حکومت نے ایس ایس سی امتحانات کے پرچہ جات کو 11 سے گھٹا کر 6 کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور گذشتہ دو برسوں سے ایس ایس سی امتحانات میں 6 پرچوں پر مشتمل سالانہ امتحانات منعقد کئے جا رہے تھے لیکن گذشتہ برس کے امتحانات کے نتائج کے بعد ماہرین تعلیم نے ایس ایس سی طلبہ کی صلاحیتوں اور 6پرچوں کے سبب ہونے والے فوائد کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ تعلیم کو روانہ کی گئی سفارش میں اس بات کی خواہش کی تھی کہ ریاست میں ایس ایس سی پرچہ جات کی تعداد کو مستقل طو رپر کم کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ 6پرچوں میں بھی طلبہ کی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ ہونے لگا ہے اور 6پرچوں کے سبب طلبہ اور اساتذہ دونوں کو سہولت ہورہی ہے۔ماہرین تعلیم کی ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے ان سفارشات کو ریاستی حکومت کو روانہ کیاتھا ۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے ان سفارشات کو منظوری دے دی ہے اور جلد ہی اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے بعد ایس ایس سی امتحانات میں مستقل طور پر 6پرچہ جات ہوں گے اور 11 پرچہ تحریر کرنے کا دور ختم ہوجائے گا۔ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ اگر حکومت کی جانب سے مستقل طور پر 6 پرچہ جات کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں طلبہ پر عائد ہونے والے دباؤ میں نمایاں کمی ہوگی اور وہ اپنی تعلیم پرمزید بہتر انداز میں توجہ دے پائیں گے علاوہ ازیں طرز تعلیم میں بھی نمایاں تبدیلی رونما ہوگی جو کہ فائدہ مند ثابت ہونے کا قوی امکان ہے۔ م