خصوصی صیانتی انتظامات، پولیس پیکٹس کی تعیناتی، امن و ضبط کو برقرار رکھنے پر توجہ
حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) ایودھیا میں پران پرتشٹھا کے پیش نظر دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے فرقہ وارانہ حساس اضلاع میں محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں اور جگہ جگہ پولیس پکٹس کی تعیناتی عمل میںلاتے ہوئے امن وضبط کو برقرار رکھنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے۔شہر حیدرآباد کے بیشتر منادر کو برقی قمقموں سے سجانے کے علاوہ شہر کی کئی سڑکوں پر زعفرانی جھنڈیاں لگانے کے علاوہ گاڑیوں پر زعفرانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔شہر کے کئی اکثریتی علاقوں میں نوجوانوں نے رام نومی اور ہنومان جینتی کے طرز پر اپنے علاقوں کو زعفرانی پرچموں سے سجاتے ہوئے بڑے بڑے ہورڈنگس اور بیانرس نصب کئے ہیں۔ایودھیا میں پران پرتشٹھا کو مرکزی حکومت کی جانب سے قومی طور پر منانے کے فیصلہ اور مرکزی اداروں کو نصف یوم کی تعطیل دیئے جانے کے بعد اکثریتی طبقہ کے نوجوانوں میں جوش و خروش دیکھا جا رہاہے ۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر ان نوجوانوں کی جانب سے چھوٹی چھوٹی ریالیاں منظم کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے طلایہ گردی میں اضافہ کرنے کے علاوہ امن و امان کی برقراری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں جہاں ریالیاں منظم کی جائیں گی ان مقامات پر پولیس کے بھاری دستوں کی تعیناتی کی ہدایت دی گئی ہے۔پران پرتشٹھا کے لائیو ٹیلی کاسٹ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور بعض تھیٹرس میں بھی اس کا نظم کئے جانے پر پولیس کی جانب سے ان تھیٹرس کے باہر بھی خصوصی پکٹس کی تعیناتی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ 3