میدک۔ 10 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ایڈز کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرکے معاشرے کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے، یہ بات ضلع کلکٹر پرتِما سنگھ نے کہی۔ 99 دنوں کی عوامی حکمرانی و ترقیاتی منصوبہ کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلتھ ویک تقاریب کے چوتھے دن ایڈز سے متعلق شعور و انسداد کے سلسلہ میں “ریڈ رن ریالی” کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر پرتِما سنگھ، ایڈیشنل کلکٹر نگیش، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شری رام، گورنمنٹ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا، ڈی سی ایچ ایس شیود?ال سمیت نرسنگ کالج کی طالبات نے شرکت کی اور کلکٹر نے جھنڈی دکھا کر ریالی کا آغاز کیا۔ یہ ریالی مقامی گورنمنٹ ہاسپٹل سے رام داس چوراستہ تک نکالی گئی جس کے ذریعہ عوام میں ایڈز سے بچاؤ کے تعلق سے بیداری پیدا کی گئی۔ ضلع کلکٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز HIV AIDSکے تعلق سے عوام میں شعور کی اشد ضرورت ہے، اگرچہ یہ مرض مکمل طور پر قابل علاج نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے ذریعہ اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ضلع میں موجود 385 ایچ آئی وی متاثرین کو ضلع ہیڈکوارٹر کے سرکاری دواخانہ میں قائم اے آر ٹی سنٹر کے ذریعہ علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور متاثرین کو بغیر کسی خوف کے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا۔