حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریا کانت نے تعلیمی اداروں کو AI سے تحریروں کا پتہ لگانے والے آلات کے استعمال کے معاملہ میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ طلباء کو صرف AI کے ذریعہ تحریر کردہ مضامین کی شناخت کرنے والے سافٹ ویئر کے نتائج کی بنیاد پر تعلیمی بدانتظامی کا مجرم نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ AI ڈیٹیکٹرس بالخصوص ان طلباء کی تحریروں کو غلط طور پر AI تحریر قرار دے سکتے ہیں جن کی مادری زبان انگریزی نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو حیدرآباد میں کامن ویلتھ لیگل ایجوکیشن ایسوسی ایشن (سی ایل ای اے) کی پہلی سالانہ بین الاقوامی قانونی تعلیمی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے 2023 کے ایک مطالعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے سات AI ڈیٹیکشن ٹولی کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن طلباء کی مادری زبان انگریزی نہیں ہے، ان کے لکھے گئے مضامین میں سے پانچ میں سے تین مضامین کو غلط طور پر AI سے تحریر شدہ قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دولت مشترکہ کے ممالک میں کثیر تعداد میں طلباء انگریزی کو دوسری یا تیسری زبان کے طور پر سیکھتے ہیں اور ایسے میں ٹیکنالوجی کے مبہم اسکور کی بنیاد پر کسی ایماندار طالب علم کو دھوکے باز قرار دینا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محض مشین کے نتائج کو بنیاد بنا کر کسی طالب علم کو تعلیمی بے ضابطگی یا بدعنوانی کا قصوروار ٹھہرانا درست نہیں ہے ۔ 2