حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے چنائو کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے آندھراپردیش کے سیاسی حلقوں میں سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ 8 فروری کو اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ آندھراپردیش کی تین نشستوں پر برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی بتائی جارہی ہے۔ 2 اپریل کو بی جے پی رکن سی ایم رمیش، تلگودیشم رکن کے رویندر کمار اور وائی ایس آر کانگریس کے وی پربھاکر ریڈی کی میعاد ختم ہورہی ہے۔ برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ایوان میں واضح اکثریت حاصل ہے جس کے تحت وہ تینوں نشستوں پر بآسانی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ تلگودیشم پارٹی کی جانب سے اگر امیدوار کھڑا کیا جاتا ہے تو 27 فروری کو رائے دہی ہوگی لیکن عددی طاقت کے اعتبار سے کامیابی وائی ایس آر کانگریس کے حق میں ہوگی۔ تینوں نشستوں پر کامیابی کے بعد راجیہ سبھا میں وائی ایس آر کانگریس ارکان کی تعداد بڑھ کر 11 ہوجائے گی۔ اسی دوران چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راجیہ سبھا نشستوں کے امیدواروں کو قطعیت دینے کے لیے وزراء اور قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے۔ دوسری طرف صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے بھی پارٹی قائدین سے مشاورت کی ہے جس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا تیسری نشست کے لیے امیدوار کھڑا کیا جائے یا نہیں۔ 1