بابائے قوم گاندھی پر پانچ مرتبہ قاتلانہ حملے ہوئے

   

نئی دہلی ،27 اگست ( سیاست ڈاٹ کام) بابائے قوم مہاتما گاندھی پر 30 جنوری 1948 سے پہلے بھی ان کا قتل کرنے کے لئے ملک میں پانچ مرتبہ جان لیوا حملہ ہوئے تھے اور شہید ہونے سے 40 سال قبل بھی انہوں نے جنوبی افریقہ میں اپنے اوپر ایک حملے کے بعد ‘ہے رام ’ کہا تھا۔ ایک حملے میں تو گاندھی کے ساتھ ساتھ پنڈت جواہر لال نہرو کو بھی قتل کرنے کی سازش رچی گئی تھی ۔ یہ بات پیر کی رات یہاں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ پر منعقد ایک سیمنار میں مشہور گاندھی وادی اور گاندھی امن ادارے کے صدر کمار پرشانت نے کہی ۔یہ سیمنار رضا فاؤنڈیشن نے منعقد کیا تھا ۔ واضح رہے کہ مسٹر پرشانت کی ایک تقریر میں گاندھی جی کے قتل میں سنگھ پریوار کا ہاتھ بتائے جانے پر اڈیشہ میں ان پر دو ایف آئی آر درج ہو چکے ہیں ۔لوک نائک جے پرکاش نارائن کے داماد مسٹر پرشانت نے لیکچر میں تمام حملوں کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا لیکن گاندھی مارگ میگزین کے نئے شمارے میں اس تعلق سے ایک طویل مضمون لکھا ہے ۔انہوں نے اپنے لیکچر کے شروع میں کہاکہ گاندھی جی نے اپنے بارے میں کہا تھا کہ میری زندگی ہی میرا پیغام ہے لیکن ان کی موت بھی ایک پیغام ہے ۔