بارش کے موسم سے شہر میں وائرل بخار، فلو جیسی بیماریوں میں اضافہ

   

حیدرآباد 20 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں تر موسم (بارش کے موسم) اور رطوبت میں اضافہ سے وائرل بخار، انفلوینزا جیسی بیماریوں اور مشتبہ متعدی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ بڑے سرکاری دواخانوں بشمول فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ، گاندھی ہاسپٹل سکندرآباد کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس، بستی دواخانوں، خانگی نرسنگ ہومس اور کلینکس پر مریضوں کی بڑی تعداد وائرل بخار کی علامتوں کے ساتھ رجوع ہورہی ہے۔ سینئر ڈاکٹرس کے مطابق زیادہ تر مریضوں میں انفلوینزا، عام سردی، ڈینگو اور چکون گنیا جیسی علامات پائی جارہی ہیں۔ مریضوں میں اچانک تیز بخار، شدید جسمانی درد، جوڑوں میں تکلیف، سخت تھکاوٹ اور سر درد کی علامتیں بھی پائی جارہی ہیں۔ فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر موسیٰ خان نے کہاکہ بارش کے موسم کے دوران تر حالت کا وائرل بخار کو بڑھاوا دینے میں بڑا رول ہوتا ہے۔ یہ زیادہ تر پانی سے ہونے والے اور متعدی امراض ہوتے ہیں۔ معاشی طور پر کمزور طبقات کے علاقوں میں رہنے والوں کو مچھر سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری احتیاطی اقدامات کرنا چاہئے کیوں کہ مچھر سے بیماریاں ہوتی ہیں۔V/A