بالاکوٹ فضائی حملہ میں استعمال کئے گئے اسپائس بمبس حیدرآباد میں بنائے گئے تھے

   

حیدرآباد :۔ پلوامہ حملہ کے جوابی حملہ میں 26 فروری 2019 کو انڈین ایر فورس کی جانب سے بالا کوٹ فضائی حملہ میں استعمال کئے گئے اسپائس 2000 بمبس حیدرآباد میں کلیانی رفائیل ایڈوانسڈ سسٹمس ( KRAS ) فسیلٹی میں بنائے گئے تھے ۔ اس کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے منگل کو یہ بات کہی ۔ اسپائس 2000 ایر ۔ ٹو ۔ سرفیس گائیڈنس ویپن سسٹمس ، شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب میں واقع کے آر اے ایس کی حیدرآباد فسیلٹی سے تیار کئے جانے والے پہلے پراڈکٹس تھے ۔ ہندوستان کی پہلی پرائیوٹ میزائل پروڈکشن فسیلٹی سمجھے جانے والی اس کمپنی کو کلیانی گروپ اور اسرائیل کے رفائیل کی جانب سے مشترکہ وینچر میں قائم کیا گیا ہے ۔ KRAS کے سی ای او زدرا جڈیجہ نے رفائیل کو MRSAM میزائیل کٹس ڈیلیوری رول آوٹ کے موقع پر کہا کہ ’ ہماری فسیلٹی کا باہر لایا گیا پہلا پراڈکٹ اسپائس 2000 تھا ۔ ہم نے اسے اوائیل 2019 میں رفائیل کو دیا تھا ( جس نے اسے آئی اے ایف کو سربراہ کیا تھا ) اور اسی اسپائس 2000 کو بالا کوٹ حملہ میں استعمال کیا گیا تھا ۔ یہ وہی سیرئیل نمبر ہے جو اسی کمپنی میں تیار کیا گیا تھا ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ کے آر اے ایس کی جانب سے زائد از 200 اسپائس 2000 بمبس مالیتی 30 ملین امریکی ڈالر ہندوستان کو دئیے جاچکے ہیں اور انہیں برآمد بھی کیا گیا ۔ جس میں 80 فیصد ہندوستانی مسلح فورسیس کے لیے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی مسلح فورسیس کے لیے رفائیل کو سربراہ کئے گئے اسپائس 2000 بمبس میں تقریبا 60 فیصد دیسی مواد تھا ۔ جڈیجہ نے کہا کہ ’ ایم ایس ایم ای انڈسٹریز جیسے سینٹم الیکٹرانکس ، سائینٹ ، وام ، سگماٹکنالوجیز نے اس کے لیے کام کیا ‘ ۔ اور کہا کہ بم میں صرف دھماکو پورشن کا اضافہ رفائل کی جانب سے کیا گیا کیوںکہ اسے اس فسیلٹی پر نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ یہ پوچھنے پر کہ کمپنی نے پہلے اس کا انکشاف کیوں نہیں کیا تو انہوں نے کہا کہ ’ وہ حساس وقت تھا اور ہم نے اس وقت اس سے متعلق بات کرنا نہیں چاہا تھا ۔ اب وہ ماضی کی بات ہوگئی ہے ۔۔