حیدرآباد 13جنوری(یواین آئی)بس میں آگ لگنے کے افسوسناک حادثہ میں ایک خاتون زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئی۔یہ واقعہ ضلع جوگولامباگدوال میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق کل شب ضلع کے بچوپلی کے قریب والوو پرائیویٹ بس جارہی تھی کہ اس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیاجس کے نتیجہ میں یہ بس الٹ گئی جس کے ساتھ ہی میں اس میں آگ لگ گئی۔اس واقعہ میں بس جل کرمکمل طورپر خاکستر ہوگئی اور ایک خاتون زندہ جھلس کرہلاک ہوگئی جبکہ دیگر چار مسافرین جھلس گئے ۔ ان کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔یہ خاتون بس سے نکلنے کی کوشش کررہی تھی کہ اسی دوران بس شعلہ پوش ہوگئی اور وہ زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئی۔یہ بس حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے ضلع چتور جارہی تھی جس میں اس واقعہ کے وقت تقریبا 40مسافرین سوارتھے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس حادثہ کے وقت ڈرائیور حالت نیند میں تھا۔بس کے الٹ جانے کے ساتھ ہی مسافرین اس کے شیشے توڑکر بحفاظت باہرنکل آئے ۔