زیورخ ۔ فٹ بال عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے سابق صدر سیپ بلاٹر اور سابق جنرل سیکریٹری والکے پر قواعد کی خلاف ورزی پر پہلی سزا کے خاتمے کے بعد نئی پابندی کا فیصلہ سنا دیا۔فیفا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد عدالتی کمیٹی نے سماعت کے بعد سابق فیفا صدر سیپ بلاٹر اور سابق سیکریٹری جنرل والکے کو فیفا کے قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کاروں نے سیپ بلاٹر پر مختلف الزامات ثابت کر دیے ہیں جن میں فیفا کے اعلیٰ عہدیداروں کو فیفا کے مقابلوں کے حوالے سے بونس کی ادائیگی، مختلف ترامیم اور ملازمتوں میں توسیع اور والکے کے ذاتی مقدمے کی فیفا سے ادائیگی نمایاں ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ سیپ بلاٹر نے وفاداری، مفادات کے ٹکراؤ، تحائف کی پیش کش اور وصولی سمیت فیفا کے قانون کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کی۔فیفا کے سابق سیکریٹری جنرل والکے کے بارے میں فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انہوں وفاداری، مفادات کے ٹکراؤ، تحائف کی پیش کش اور وصولی، اختیارات کا ناجائز استعمال سمیت دیگر شقوں کی خلاف ورزی کی۔ آرٹیکل 11 کے 2018 ایڈیشن اور دیگر کے تحت سزائیں ہوں گی،بلاٹر اور والکے دونوں پر6 سال اور 8 سال تک قومی اور بین الاقوامی فٹبال کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔