بچوں کے تحفظ میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم : پرنسپل جج

   

سنگاریڈی ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کی پرنسپل جج اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی چیئرپرسن محترمہ جی بھوانی چندر نے کہا کہ بچوں کی زندگی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے اور ہر بچے کو محفوظ، پُرامن اور خوف سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی ’’چائلڈ فرینڈلی لیگل سرویسز ٹو چلڈرن اسکیم2024 ‘‘ کے تحت ضلع کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں سرکاری ہائی اسکولوں کے 239 چائلڈ پروٹیکشن افسران (اساتذہ) کے لیے ایک روزہ تربیتی و آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ ہر اسکول میں چائلڈ پروٹیکشن نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کے ساتھ دوستانہ ماحول قائم کریں اور انہیں منشیات کے نقصانات کے بارے میں مسلسل آگاہ کریں۔ تقریب میں عدلیہ، محکمہ تعلیم، محکمہ خواتین و اطفال، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ ضلع بھر کے سرکاری ہائی اسکولوں سے مقرر کردہ چائلڈ پروٹیکشن افسران نے شرکت کی۔