نظام آباد میں سدبھاؤنا کے زیراہتمام اجلاس ، کرپال سنگھ سوڈی اور دیگر کا خطاب
نظام آباد۔ 11 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ’’امن فروغ پائے، انسانیت مہکے‘‘ کے عنوان سے سدبھاؤنا فورم نظام آباد کے زیرِ اہتمام بودھن روڈ پر واقع لمرا گارڈن میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی آر ٹی یو تلنگانہ کے ضلع اعزازی صدر اور دھارمک منچ کے ضلع شریک کنوینر کرپال سنگھ سوڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محبت معاشرے کی بنیاد، امن ترقی کی سیڑھی اور بھائی چارہ سماج کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سے بڑھ کر کوئی مذہب نہیں اور محبت سے بڑھ کر کوئی زبان نہیں۔ محبت، امن اور بھائی چارے جیسی قدریں ہی انسان کو حقیقی معنوں میں انسان بناتی ہیں۔کرپال سنگھ سوڈی نے کہا کہ ہمیں محبت کے ساتھ سوچنا، امن کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، کیونکہ یہی ہمارے روشن مستقبل کی راہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، صحت اور مساوی مواقع ہر فرد تک پہنچنے چاہئیں اور اگر ہر شخص اس سمت میں ایک قدم آگے بڑھے تو مساوات، آزادی اور امن پر مبنی ایک نئے معاشرے کی تعمیر ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ اور غریب افراد کی بلا غرض مدد کرنا، بچوں اور بزرگوں سے شفقت و محبت کا برتاؤ کرنا، تشدد سے دور رہنا اور اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنا حقیقی انسانیت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ذات، مذہب اور علاقائی تفریق سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کی مدد کرنا حقیقی بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔اس اجلاس میں شیخ حسین،ایم پی جے بنگارم سائیلو، جماعت اسلامی ہند کے ماجد، ڈاکٹر سُرجیل بابو، رام چندر گائیکواڑ، لطیف، نارائن ریڈی، پربھو داس، رنجیت اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔