نظام آباد ۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد ضلع میں قومی شاہراہ نمبر 44 پر ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں پانچ لاریوں اور سات کاروں سمیت جملہ 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس ہولناک حادثے میں کئی کاریں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حادثے کے باعث کاماریڈی، نظام آباد اور آرمور جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کئی کلومیٹر تک جام ہوگی۔ پولیس نے کرینوں کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹاکر ٹریفک بحال کیا۔پولیس اور مقامی افراد کے مطابق یہ حادثہ ضلع کے اندلوائی پولیس اسٹیشن کے حدود چندرائن پلی موضع کے قریب قومی شاہراہ نمبر 44 پر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک لاری کا ٹائر پنکچر ہوجانے کے بعد ڈرائیور نے گاڑی سڑک پر روک کر ٹائر تبدیل کرنا شروع کیا تھا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک ڈی سی ایم لاری بے قابو ہوکر اس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں گاڑیوں کے اگلے حصے بری طرح تباہ ہوگئے اور ڈرائیور و کلینر زخمی ہوگئے۔ اس دوران ناریل سے لدی ایک اور لاری سامنے کھڑی گاڑیوں کو بچانے کی کوشش میں سڑک سے نیچے اُتر کر قریب کے کھیت میں اُلٹ گئی۔ شاہراہ پر گاڑیوں کی قطار لگ گئی تھی کہ اسی دوران مویشیوں کی کھاد سے بھری ایک تیز رفتار لاری نے سامنے کھڑی گاڑیوں کو زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں سات کاریں بری طرح تباہ ہوگئیں جبکہ مزید دو لاریوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایک شخص کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو ٹول پلازہ ایمبولنس کے ذریعہ ضلع کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ اندلوائی پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر سندیپ اس معاملہ کی تحقیقات کررہے۔