حیدرآباد۔ بہار فینانس سرویس سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کی ٹیم نے آج حیدرآباد میں چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے تلنگانہ میں جی ایس ٹی پر عمل آوری کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ نے ٹیکسوں کے معاملہ میں غیر معمولی ترقی کی ہے جس کے نتیجہ میں گذشتہ پانچ برسوں میں کمرشیل ٹیکس کی آمدنی میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔ چیف سکریٹری نے 2018 اور 2020 میں مختلف محکمہ جات کی تنظیم جدید سے واقف کرایا۔ اکنامک انٹلی جنس یونٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ معیشت کے مخصوص شعبہ جات میں ریسرچ کیا جاسکے۔ انہوں نے ٹکنالوجی کے استعمال ، ایپس اور دیگر سہولتوں کے ذریعہ کمرشیل ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے بہتر ہے۔ ڈائرکٹر جنرل ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ ہرپریت سنگھ ، کمشنر کمرشیل ٹیکس شریمتی نیتو پرساد اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔