پٹنہ : ملک میں ہندو انتہا پسندی کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں ریاست بہار میں ایک مسلم شخص کا گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں بہیمانہ تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ خلیل عالم کو کچھ روز قبل ہندو انتہاپسندوں نے مبینہ طورپر گائے کا گوشت کھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کردیا جب کہ خلیل عالم کی نعشکو بھی کھائی میں دفن کیا گیا تھا۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیل عالم کی نعش کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی اور نعش کو پھر نمک لگاکر دفن کیا گیا تاکہ اس کا جسم جلدی گل سکے۔سوشل میڈیا پر خلیل عالم کے قتل سے قبل ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جس میں انہیں ہندو انتہا پسندوں کے آگے ہاتھ جوڑ کر اور کان پکڑ کر معافی مانگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں مقتول خلیل عالم ہندو انتہا پسندوں کو یقین دلارہے ہیں کہ وہ آئندہ گوشت نہیں کھائیں گے جب کہ اس دوران ہندو انتہاپسند انہیں گالیاں دے رہے ہیں۔اترپردیش اور بہار میں وقفہ وقفہ سے گائے کے گوشت کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ۔