بی آر ایس پارٹی آفس میں واستو تبدیل

   

پارٹی کی شکست اور قائدین کے مستعفی ہونے سے قیادت فکرمند ، پنڈتوں کے مشورے پر عمل

حیدرآباد /5 اپریل ( سیاست نیوز ) بی آر ایس پارٹی کی اسمبلی انتخابات میں شکست پارٹی قائدین کی دوسری پارٹیوں میں شمولیت کے بعد بی آر ایس پارٹی میں تلنگانہ بھون کی تعمیر اور ’’ واستو‘‘ کو لے کر نئی بحث شروع ہوگئی ہے ۔ پارٹی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے فرسودہ رسومات کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر کی تعمیراتی غلطیوں کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات شروع کردئے گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایک حصہ کے طور پر ریاستی دفتر تلنگانہ بھون کے شمال مشرق کی طرف موجود گیٹ کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔ اب بی آر ایس قائدین کی آمد و رفت اسی گیٹ سے رہے گی ۔ تلنگانہ بھون کا رخ شمال کی طرف سے پارٹی آفس میں گاڑیوں قائدین کارکنوں اور عام لوگوں کے داخلے کیلئے مین گیٹ شمال مغرب میں قائم کیا گیا ہے ۔ اب تک تمام گاڑیاں اسی گیٹ سے گذرتی تھی لیکن اس کو واستو کے مطابق نہ ہونے کا رحجان پایا جارہا ہے ۔ یہ گیٹ ماضی میں باقاعدہ طور پر قائم کیا گیاتھا ۔ لیکن استعمال میں نہیں تھا ۔ اسی وقت تعمیراتی تبدیلی کے پیش نظر اس گیٹ سے تمام گاڑیوں کو گذارنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ گیٹ پر گاڑیوں کے داخلے کیلئے ریمپ تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ مشرق کی جانب گاڑیوں کے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ لیکن نارتھ ایسٹ گیٹ پر سڑک کی ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے گیٹ پر لکشمی نرسمہا سوامی کی تصویر والی فلیکسی بھی لگائی گئی ہے ۔اس کے علاوہ احاطے کے اندر ضرورت کے مطابق معمولی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ لیکن پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا مسئلہ شمال مشرق کی جانب گیٹ کی تیاری کی وجہ بھی ہے ۔ موجودہ شمال مغرب گیٹ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں مین روڈ کی طرف ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر گاڑیوں کی آمد وو رفت میں اضافہ ہوا ہے اور جب بڑی تعداد میں گاڑیاں پارٹی دفتر کو پہونچتی ہیں تو انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ نارتھ ویسٹ گیٹ کے سامنے تھوڑی دیر کیلئے بھی گاڑیوں کو روکنے کی کوئی صورتحال نہیں ہے ۔ اس لئے نارتھ ایسٹ گیٹ کو ٹریفک کیلئے استعمال کرنے سے ٹریفک کے مسئلہ پر قابو پانے کا امکان ہے ۔ 2