کانگریس حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے، پی سی سی صدر کی پریس کانفرنس
نظام آباد۔21 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا ہے کہ ریاست کے عوام بی آر ایس کی دس سالہ ”آمرانہ اور بدعنوان” حکمرانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کا دور عوامی مفادات کے برعکس تھا، جبکہ کانگریس حکومت حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ وہ نظام آباد شہر میں کانگریس بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مسٹر مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی حکومت کے دوران بے روزگار نوجوانوں کی امیدوں کا خون کیا، انہیں آج روزگار کے نام پر حکومت پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس دور میں روزگار کے مواقع صرف کلواکنتلا خاندان تک محدود رہے، جبکہ لاکھوں نوجوان ملازمتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کی موجودہ تنقید محض ”جھوٹا واویلا” ہے۔ اسی طرح سابق وزیر ہریش راؤ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی محکمہ میں بدانتظامی کے ذمہ دار آج خشک سالی کا رونا رو رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔مسٹر مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے کالیشورم لفٹ اریگیشن پروجیکٹ کے نام پر ہزاروں کروڑ روپے کی بدعنوانی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے صرف ڈھائی برس کے اندر 70 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں اور اس کے تمام دستاویزی ثبوت حکومت کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے سے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ عوام حقیقت سے بخوبی واقف ہیں۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں کی اکثریت کو عملی جامہ پہنایا ہے اور عوامی فلاح کیلئے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔