حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی جے پی ارکان اسمبلی کی اسمبلی سے معطلی پر حکم التواء جاری کرنے سے انکار کردیا ۔ عدالت نے سکریٹری لیجسلیچر کو ارکان کی معطلی سے متعلق پروسیڈنگ اور ویڈیو ریکارڈنگ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ بی جے پی ارکان کی جانب سے معطلی کے خلاف پیش کردہ دلائل اور اعتراضات کو ہائی کورٹ نے قبول نہیں کیا۔ بجٹ سیشن کے اختتام تک معطلی کے فیصلہ کو چیلنج کرنے رگھونندن راؤ ، ایٹالہ راجندر و راجہ سنگھ نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ۔ کل عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل پرکاش ریڈی اور ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد کی سماعت کی تھی اور فیصلہ کو محفوظ رکھا تھا۔ بی جے پی ارکان نے شکایت کی کہ سکریٹری لیجسلیچر کی جانب سے پروسیڈنگ اور نوٹس حوالے نہیں کی گئی۔ معطلی کا طریقہ کار دستور اور اسمبلی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ کم از کم ارکان کو معطلی کے احکامات اور ویڈیو ریکارڈنگ حوالے نہیں کی گئی ۔ بی جے پی ارکان نے معطلی کالعدم کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ اسمبلی کے امور میں ہائی کورٹ کو مداخلت سے گریز کرنا چاہئے ۔ عدالت نے حکم التواء سے انکار کرتے ہوئے اس معاملہ کی تفصیلی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سکریٹری لیجسلیچر کو حلفنامہ داخل کرنے کیلئے نوٹس جاری کی گئی اور آئندہ سماعت 4 ہفتہ بعد مقرر کی گئی۔ر