بی جے پی میں شامل ہو کر سیاسی خود کشی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں : فیروز خاں

   

لوک سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی کا سورج غروب ہوگا اور کانگریس کا سورج طلوع ہوگا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری فیروز خاں نے بی جے پی میں شامل ہونے کے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ وہ کانگریس کے سپاہی ہیں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ درگاہ یوسفینؒ کے پاس میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی جماعت ہے ۔ سارے ملک میں انڈیا اتحاد کی لہر چل رہی ہے ۔ ہر طرف راہول گاندھی کے چرچے ہیں ۔ راہول گاندھی نفرت کے بازار میں محبت کی دوکان کھول رہے ہیں ۔ بی جے پی کا زوال شروع ہوچکا ہے وہ بی جے پی میں شامل ہو کر سیاسی خود کشی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ مودی سب کا ساتھ سب کا وکاس کا صرف نعرے دیتے ہیں ۔ مگر انہیں اقلیتیں اور مسلمان نظر نہیں آتے ۔ نہ ہی اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کو ٹکٹ دیا گیا۔ لوک سبھا انتخابات میں صرف ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا ۔ وزیراعظم نے مسلمانوں کے ایک ہاتھ میں قرآن شریف اور دوسرے ہاتھ میں لیاب ٹاپ دینے کا وعدہ کیا تھا جس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ہے ۔ کل انہوں نے کانگریس کو ووٹ دینے پر کانگریس پارٹی ہندوؤں کی جائیدادیں یہاں تک کہ خواتین کے منگل سوتر مسلمانوں میں تقسیم کردینے کا اعلان کیا ہے۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ ملک کے جلیل القدر عہدے پر رہنے والے نریندر مودی کو اس طرح کے بیانات دینا زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات آتے ہیں وزیراعظم ہر مسئلہ کو ہندو مسلم سے جوڑتے ہیں ۔ شمشان گھاٹ اور قبرستان کا تقابل کرتے ہیں ۔ مسلمانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پہناؤے سے پہچاننے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ فیروز خاں نے کہا کہ اس لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا سورج غروب ہوجائے گا اور کانگریس کا سورج طلوع ہوگا ۔ ملک بھر میں راہول گاندھی کی قیادت میں سماجی انصاف ہوگا ۔ کانگریس پارٹی نے اپنے منشور سے جتنے بھی وعدے کئے ہیں ۔ ان تمام وعدوں پر عمل آوری ہوگی ۔۔ 2