بین الاقوامی سرحد پر اسمگلر ہلاک، 27کیلو ہیروئن برآمد

   

جموں: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک اسمگلر کو مار کر کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔آئی جی بی ایس ایف جموں این ایس جموال نے کہا کہ مہلوک اسمگلر بظاہر پاکستانی شہری تھا جس کی شناخت کے لئے پاکستانی رینجرز سے رابطہ قائم کیا گیا ہے ۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر ہیرا نگر سیکٹر میں چہارشنبہ کی علی الصبح بی ایس ایف کے جوانوں نے ایک منشیات اسمگلر کو دراندازی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ جوانوں نے اس کو پہلے وارننگ دی لیکن جب اس نے وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی تو اس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد جوانوں نے آپریشن کے دوران سرحد کے نزدیک 27 کلو ہیروئن برآمد کی جس کی عالمی بازار میں قیمت قریب 135 کروڑ روپے ہے ۔دریں اثنا آئی جی بی ایس ایف جموں این ایس جموال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وقت سے ہمیں اطلاعات مل رہی تھیں کہ کٹھوعہ سرحد کے راستے سے منشیات کی سمگلنگ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل رات قریب ڈھائی سے تین بجے سرحد کے اگلے علاقوں میں تعینات بی ایس ایف کے جوانوں نے تین چار افراد کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ زیرو لائن پار کر کے باڑ کے نزدیک پہنچے تو ان کو للکارا گیا۔ ان میں سے ایک شخص ہمارے جوانوں کی وارننگز کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھتا گیا۔ ہماری جوانوں نے فائرنگ کی جس میں ایک اسمگلر کی موت واقع ہوئی’۔آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ صبح جب ہم نے تلاشی آپریشن شروع کیا تو ہمیں 27 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک اسمگلر کی شناخت کا عمل جاری ہے لیکن بظاہر وہ پاکستانی شہری ہے ۔ ہم نے پاکستانی رینجرز سے رابطہ قائم کیا ہے وہ بھی اپنی سطح پر اس مہلوک اسمگلر کی شناخت کر رہے ہیں’۔این ایس جموال نے کہا کہ ہم ایسی کارروائی پر پاکستان سے اپنا سخت احتجاج درج کریں گے ۔انہوں نے کہا: ‘ہم ان کو احتجاجی نوٹ مع ثبوت بھیجیں گے ۔ ہم نے رینجرز کو اسمگلر کی لاش اور منشیات دکھائی ہے ۔ پاکستان اس میں ملوث ہونے سے بھی انکار کر سکتا ہے ۔