بھگوان مندر میں اور عقیدت دل میں ہونی چاہئے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے اپنی دختر کویتا کی ضمانت کیلئے بی جے پی کو 5 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا معاہدہ کرلیا ہے۔ میڑچل ملکاجگری میں پارٹی امیدوار سنیتا مہیندر ریڈی کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ شراب اسکام میں گرفتار کویتا کو ضمانت کی منظوری کیلئے کے سی آر نے ملکاجگری کے بشمول پانچ نشستوں پر بی جے پی کو کامیاب بنانے کا معاہدہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہوچکا ہے اور ملکاجگری میں بی آر ایس میں ایک کمزور برائے نام امیدوار کو میدان میں اتارا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دونوں پارٹیوں میں خفیہ معاہدہ کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ راجندر انتخابی مہم میں کے سی آر کی بدعنوانیوں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کیلئے رام کے نام پر انتخابی مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان مندر میں اور عقیدت دل میں ہونی چاہئے ۔ میں ہندو ہوں اور مجھے فخر ہے کہ میں تمام دیگر مذاہب کا احترام کرتا ہوں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں کو ملکاجگری میں شکست سے دوچار کریں۔ 1