اکٹوبر میں مقامی اداروں کے انتخابات سے متعلق اعلامیہ جاری ہوگا : وجئے سائی ریڈی
حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) قومی جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن پارلمان مسٹر وجئے سائی ریڈی نے سابق تلگودیشم حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سابق تلگودیشم حکومت میں پیش آئی مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات کی مکمل تحقیقات کروانے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے اظہار پر تلگودیشم قائدین نہ صرف ڈر و خوف سے پریشان ہیں بلکہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور تلگودیشم پارٹی قائدین ریاستی حکومت پر ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں جبکہ سابق تلگودیشم حکومت میں پراجکٹوں کے نام پر ہزاروں کروڑ روپیوں کی لوٹ کھسوٹ کو روکنے ہوئے رقومات ضائع نہ ہونے کے اقدامات کرنے کا چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ماہ اکٹوبر میں ادارہ جات مقامی بشمول پنچایت راج اور بلدی اداروں کے لئے انتخابات سے متعلق اعلامیہ جاری ہوگا۔ اس اعلامیہ کی روشنی میں سب سے پہلے ضلع پریشدوں اور منڈل پریشدوں (ایم پی ٹی سیز) انتخابات کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ مسٹر وجئے سائی ریڈی نے ادارہ جات مقامی انتخابات کے لئے تیار ہوجانے کی پارٹی قائدین و کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ جات مقامی انتخابات ماہ ڈسمبر تک مکمل ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ان انتخابات کے لئے سینئر اور کامیابی حاصل کرنے والے قائدین کو پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ مسٹر وجئے سائی ریڈی نے کہاکہ وشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن میئر کے عہدے پر بی سی طبقہ کے قائد کو منتخب کیا جائے گا۔