مختلف شخصیتوں کا مطالبہ ، ریاستی وزیر کرناٹک جناب محمد رحیم خان کی روانگی حج کے موقع پر تہنیت کی پیشکشی
بیدر۔10مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیدر کے نوجوان حرکیاتی اور ترقی پسند قائد رکن اسمبلی بیدر و ریاستی حج و بلدی نظم نسق الحاج محمد رحیم خان اس سال عازم حج ہیں۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی بیدر میں مختلف سیاسی جماعتوں ، سماجی اور ملی تنظیموں کی جانب سے تہنیتی تقریب کا سلسلہ جاری ہے ۔اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر کل بعد نماز عشاء شہر کی تاریخی و خوبصورت مسجد عثمانیہ ،قدوائی روڈ بیدر میں انتظامی کمیٹی کے زیر اہتمام ایک تہنیتی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کی صدارت الحاج محمد حبیب الدین گتہ دار صدر انتظامی کمیٹی نے کی۔ اس موقع پر عہدیداران کمیٹی ، اراکین برادری بز قصابان علی باغ، اہلیان محلہ، مصلیان مسجد اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، تقریب میں رکن اسمبلی بیدر جناب الحاج محمد رحیم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔جناب محمد عبد الصمد منجو والا ، سابق صدر مجلس بیدر نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے موصوف کو کمیٹی اور برادری کی جانب سے مبارکبادپیش کی ۔انہوں نے کہا کہ جناب محمد رحیم خان کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی تعاون سے برادری بز قصابان علی باغ بیدر کو تدفین کیلئے آدھا ایکر اراضی منظور ہوئی ، جس پر پوری برادی اُن کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برادری چار ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے ۔ اس لئے ادھا ایکر ناکافی ہے ،لہذا مزید دو ایکر اراضی منظور کی جائے۔ انہوں نے مسجد عثمانیہ بیدر کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ شہر کی ایک تاریخی اور خوبصورت مسجد ہے، مگر مسجد سے متصل غسل خانے ،طہارت خانے، چھت اور دیگر تعمیراتی کاموں کا منصوبہ زیر غور ہے ۔علاوہ ازیں مصلیان کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث مسجد اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہی ہے۔لہذا مسجد کی تعمیر و مرمت کے لئے کم از کم دو کروڑ روپیئے منظور کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔اس موقع پر جناب محمد عبدالعزیز کار پوریٹر مجلس بلدیہ بیدر نے اپنی خطاب میں جناب محمد رحیم خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقف فنڈ سے مسجد عثمانیہ کیلئے کم سے کم دو کروڑ روپیئے منظور کئے جائیں اور برادری کے لئے قریبی مقام پر مزید دو ایکر اراضی فراہم کی جائے اپنی پر اثر جواب تقریر میں رکن اسمبلی بیدر وریاستی وزیر جناب الحاج محمد رحیم خان نے کہا کہ وہ اپنے تعلیمی دور سے ہی اہلیان محلہ کو قریب سے جانتے ہیں اور مسجد عثمانیہ سے بھی بخوبی واقف ہیں انہوں نے کہا کہ احباب کی دعاؤں کے نتیجہ میں اللہ نے انہیں حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز فرمارہاہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ برادری اور مسجد کے جائز مطالبات کی تکمیل کیلئے وہ بھرپور اور کامیاب کریں گے ۔ اس موقع پر جناب محمد حبیب الدین صدر برادری و انتظامی کمیٹی اورر دیگر عہدیداران نے الحاج محمد رحیم خان کی شال پوشی و گلپوشی کرتے ہوئے شاندار تہنیت پیش کی اور برادری کے حق میں خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ۔رکن اسمبلی کے ہمراہ جناب محمد غوث میر مجلس بلدیہ بیدر ،محمد نبی قریشی سابق رکن بلدیہ تشریف لائے تھے ان کی بھی گلپوشی کی گئی جناب محمد عبدالصمد منجو والا رکن انتظامی کمیٹی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ جناب محمد مسیح الدین نے دعا فرمائی۔ بعد اظہار تشکر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔