کانگریس کمیٹی توسیعی عاملہ اجلاس سے پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ و دیگر کا خطاب
کاماریڈی ۔26 مئی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر و رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی ترقی اور فلاح کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے اور پارٹی کو بوتھ سطح سے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کو عوام تک پہنچاتے ہوئے پارٹی کے استحکام کیلئے متحد ہوکر کام کریں۔ یہ آج کاماریڈی کے کرسٹل گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ ضلع کانگریس کمیٹی کے توسیعی عاملہ اجلاس اور پولیٹیکل افیئرس کمیٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس اجلاس میں ریاستی حکومتی مشیر محمد علی شبیر، ارکان اسمبلی مدن موہن راؤ اور توٹا لکشمی کانت راؤ، سابق رکن اسمبلی مسٹر سید یوسف علی ضلع کانگریس صدر ملیکارجن، مختلف منڈل و ٹاؤن صدور، یوتھ کانگریس قائدین، کارکنوں اور پارٹی کے ذیلی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر قائدین نے مہیش کمار گوڑ کا شاندار استقبال کرتے ہوئے شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔اس موقع پرمہیش کمار گوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس حکومت ریاست میں ایسی فلاحی اسکیمات نافذ کررہی ہے جن کی مثال ملک بھر میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جبکہ موجودہ کانگریس حکومت 75 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس صرف وعدوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی حکومت ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت مالی مشکلات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں کو کامیابی سے نافذ کررہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تیقن دیا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والوں کو ضرور مناسب مقام اور ذمہ داریاں دی جائیں گی۔اس موقع پر ریاستی حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو گاؤں کی سطح تک منظم اور مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ضلع و منڈل سطح کے نو منتخب عہدیداروں اور صدور کو تقرر نامے حوالے کیے گئے اور انہیں پارٹی کی مضبوطی کیلئے سرگرم کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں سابق ڈی سی سی صدور، میونسپل چیرپرسنس، مختلف کارپوریشنوں کے نمائندے، کانگریس قائدین اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔