ترقیاتی سرگرمیوں اور فلاحی اسکیمات سے متعلق اجلاس

   

بودھن : /3 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر کلکٹر الا تریپاٹھی نے عوامی حکمرانی – ترقیاتی منصوبہ 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت ہفتہ کے روز بودھن شہر کے آچن پلی میں واقع اے آر گارڈن میں منعقدہ بودھن حلقہ اسمبلی کے عوامی اجلاس میں کلکٹر الیا تریپاٹھی اور میونسپل چیئرپرسن پدما شرتھ ریڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں وزیر اعلیٰ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ فصل قرض معافی، رعیتو بھروسہ، اندراما ہاؤسنگ اسکیم، گرہ جیوتی، چیئوتھا اسکیم، کلیان لکشمی، شادی مبارک اسکیم، نئے راشن کارڈز، باریک چاول کی تقسیم، باریک دھان پر بونس کی ادائیگی وغیرہ کے ذریعے مستفید ہونے والے افراد کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوامی بہبود اور ترقی کے لیے مختلف اسکیمیں نافذ عمل کررہی ہے اور آئندہ بھی مزید پروگرام شروع کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اندراما فیملی لائف انشورنس اسکیم اور آنگن واڑی سے انٹرمیڈیٹ تک طلبہ کے لیے ناشتے کی اسکیم جلد شروع کی جائے گی۔ پروفیسر جے شنکر بڈی باٹا پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے کی اپیل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور بودھن کے مضافاتی علاقے بیلال میں ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ رہائشی اسکول کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ میونسپل چیئرپرسن پدما شرتھ ریڈی نے کہا کہ بودھن شہر کے تمام وارڈز میں مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مقامی ایم ایل اے و حکومتی مشیر سدھرشن ریڈی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔اس موقع پر دھان خرید مراکز کے ذریعے حاصل شدہ کمیشن کی رقم 3.80 کروڑ روپے خواتین گروپوں میں تقسیم کی گئی۔ اسی طرح آئی سی ڈی ایس کے تحت 100 آنگن واڑی مراکز کے کارکنوں کو موبائل فون فراہم کیے گئے اور تین مستحقین کو کلیان لکشمی چیکس دیے گئے۔اس اجلاس میں ضلع پنچایت آفیسر سری نواس، ڈی ڈبلیو او پدما، اے سی سی سری نواس اور دیگر افسران شریک ہوئے۔