بچکنڈہ النور اسکول میں پروگرام سے مفتی غلام یزدانی و دیگر کا خطاب
بچکندہ ۔25۔ اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکندہ کے النور انگلش میڈیم اسکول میں سالانہ تعلیمی شعور بیداری پروگرام نہایت شاندار اور منظم انداز میں منعقد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات، اولیاء طلبہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو بھرپور کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی مفتی غلام یزدانی اشاعتی (چیئرمین الماس فاؤنڈیشن اسکول، بیدر) اور محمد حبیب سر (ہمناآباد) نے شرکت کی، جبکہ عبدالحفیظ (پرنسپل اربر اسکول، بانسواڑا)، شیخ اکبر (سابقہ وارڈ ممبر، بانسواڑا)، عاقف حسین (پرنسپل اقرا ماڈل اسکول)، مولانا عامر، شیخ یاسر (چیئرمین الماس اسکول، بیدر)، فیاض احمد (ہیرا ماڈل اسکول، بانسواڑا)، حافظ عامر، محمد رفیق، عاطف اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی مفتی غلام یزدانی اشاعتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم انسان کو بلندیوں تک پہنچانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے اور دینی و دنیاوی تعلیم کا امتزاج ہی ایک صالح اور کامیاب معاشرہ تشکیل دیتا ہے، انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ایسے تعلیمی اداروں کا انتخاب کریں جہاں کردار سازی کے ساتھ علم بھی دیا جاتا ہو، انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو بے راہ روی سے بچانے کے لیے تعلیم کے ساتھ دینی رہنمائی انتہائی ضروری ہے۔ تقریب کی نظامت مولانا عبدالعلیم فاروقی (چیئرمین، النور اسکول) نے انجام دی ۔پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات نے ثقافتی و تعلیمی پروگرام پیش کئے۔