تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی ممکن : وینکٹ ریڈیینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکول کا سنگ بنیاد

   

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں لہذا نئی نسل کے تابناک مستقبل کے لئے حکومت نے ہر اسمبلی حلقہ میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کے ہمراہ نلگنڈہ ضلع کے دیورکنڈہ میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کا سنگ بنیاد رکھا جس کی تعمیر پر 200 کروڑ کے مصارف آئیں گے۔ اسکول میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے 80 لاکھ روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہاکہ ہر اسمبلی حلقہ میں 2563 طلبہ کے لئے کیمپس تعمیر کیا جائے گا اور اندرون ایک سال پراجکٹ کی تکمیل ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے تلنگانہ پبلک اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جہاں بین الاقوامی معیار کی تعلیم دی جائے گی۔ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہاکہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبہ جات کو ترجیح دے رہی ہے۔ بجٹ میں تعلیم کے شعبہ کے لئے 23 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے۔ حکومت کے 29 ہزار اسکولوں میں طلبہ کی تعداد 18.5 لاکھ ہوچکی ہے اور بہتر تعلیمی سہولتوں کے نتیجہ میں عوام بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ رکن اسمبلی دیورکنڈہ بالو نائک نے صدارت کی۔V/1