محبوب نگر ۔12 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی جانکی دھراوت کے حکم پر محبوب نگر ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں جمعرات کو خصوصی چیکنگ کی گئی۔طلباء کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ چیکنگ سکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قرب و جوار میں منشیات، گٹکا، تمباکو مصنوعات، ای سگریٹ اور دیگر نقصان دہ اشیاء کی فروخت کو روکنے کیلئے کی گئی۔اس موقع پر ڈی ایس پی وینکٹیشورلو اور ون ٹاؤن انسپکٹر اپیا نے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن محبوب نگر کی حدود میں آس پاس کے اسکولوں، پان شاپس، گروسری اسٹورز اور دیگر کاروباری اداروں کا معائنہ کیا۔ دکانداروں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ کسی بھی حالت میں طلباء کو گٹکا، تمباکو کی مصنوعات یا دیگر منشیات فروخت نہ کریں۔ اگر کسی کو تعلیمی اداروں کے قریب نشہ، گٹکا یا دیگر نقصان دہ اشیاء فروخت کرتے ہوئے دیکھا جائے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔پولیس نے متنبہ کیا کہ معائنہ کے دوران قواعد کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔