تلنگانہ میں 37 ہزار 870 کروڑ کی سرمایہ کاری پر معاہدے

   

عالمی معاشی فورم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اقدامات پر مبارکبادی
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) عالمی معاشی فور م کے سالانہ اجلاس کے دوران تلنگانہ میں 37ہزار 870کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر سوشل میڈیا کے ذریعہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں سرمایہ کاروں کو ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے میں کامیاب ہونے والا چیف منسٹر قرار دیا جا رہاہے اور سال گذشتہ کے دوران ڈاؤس میں منعقدہ عالمی معاشی فورم کے اجلاس کے دوران ڈاؤس میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ان سے تقابل کیا جانے لگا ہے ۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ڈاؤس میں اجلاس کے دوران سرمایہ کاروں کو ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے جو کامیابی حاصل کی ہے وہ سال گذشتہ کئے گئے معاہدوں سے کافی زیادہ ہے۔ گذشتہ دو یوم سے سوشل میڈیا پر مسٹر ریونت ریڈی کے مخالفین کی جانب سے ان کی انگریزی کا مذاق اڑاتے ہوئے یہ باور کروانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ڈاؤس اجلاس کے دوران سرمایہ کاری حاصل کرنے اور معاہدوں کو یقینی بنانے میں ناکام ہوں گے لیکن چیف منسٹرتلنگانہ اور انفارمیشن و ٹیکنالوجی منسٹر مسٹر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچنے والے عہدیداروں نے سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے آمادہ کرتے ہوئے ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کی راہیں ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے جن کمپنیوں نے معاہدے کئے ہیں ان میں اڈانی گروپ آف کمپنیز ‘ جے ایس ڈبلیوJSW اریجین ‘ گوڈی انڈیا کے علاوہ دیگر کمپنیاں شامل ہیں ۔ اڈانی گروپ آف کمپنیز نے تلنگانہ میں 12ہزار 400کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں جبکہ JSW نے ریاست میں 9000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ دیگر کمپنیوں نے بھی ریاست میں سرمایہ کاری کا معاہدہ کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ان کے ساتھ موجود وفد کی جانب سے ریاست میں سرمایہ کاری کی اس کامیاب مہم کے بعد چیف منسٹر لندن کے لئے روانہ ہوچکے ہیں اور وہ وہاں تلنگانہ شہریوں کی جانب سے منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں شرکت کے بعد 20 جنوری کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔3