تلنگانہ میں پیاز کی قیمتوںمیں بھاری اضافہ ‘ عوام پریشان

   

بارش سے پیداوار متاثر ہونے اور کم سپلائی اصل وجہ ۔ تاجرین کا استدلال

حیدرآباد 12 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ بھر میں حالیہ چند دنوں میں پیاز کی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہول سیل مارکٹ میں پیاز کی قیمت 40 تا 60 روپئے فی کیلو سے 70 تا 80 روپئے فی کیلو تک پہونچ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بعض ہول سیل مارکٹوں میں پیاز کی قیمت 62 تا 65 روپئے فی کیلو تک پہونچ گئی ہے ۔ یہ قیمتیں پیاز کی کوالٹی اور معیار کے مطابق الگ الگ ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ریٹیل مارکٹ میں پیاز کی قیمتیں 70 یا 80 روپئے فی کیلو تک بھی فروخت کی جا رہی ہیں ۔ یہ قیمتیں گذشتہ تین تا چار ماہ کی قیمتوں میں سب سے زیادہ قرار دی جا رہی ہیں۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے علاقوں میں گذشتہ سیزن میں بہت زیادہ بارش کی وجہ سے پیاز کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ درج کیا جارہا ہے ۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ فی کنٹل پیاز کی قیمت میں تقریبا 2000 روپئے تک کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ تاجرین کے مطابق بازاروں میں کم سپلائی کی وجہ سے پیاز کی قلت جیسی صورتحال بھی پیدا ہو رہی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ماہ نومبر کے ختم تک پیاز کی قیمتیں 80 روپئے فی کیلو کے آس پاس ہی رہ سکتی ہیں۔ عثمان گنج مارکٹ کے ایک تاجر نے یہ بات بتائی ۔ حیدرآباد کو پیاز کی درآمد مہاراشٹرا میں ناسک اور آندھرا پردیش میں کرنول کے علاوہ کرناٹک کے کچھ علاقوں سے ہوتی ہے ۔ خریف کی پیداوار کو ان علاقوں میں ماہ ستمبر میں بھاری بارش کی وجہ سے نقصانات ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ملک پیٹ مارکٹ میں یومیہ پیاز کی 200 ٹرکس آیا کرتی تھیں اور اب یہ تعداد 150 رہ گئی ہے ۔ ایسے میں سپلائی کم ہوئی ہے اور اس کے نتیجہ میں قیمتوں میںاضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں خریداروں نے خرید میں کمی کردی ہے اور ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے بھی مارکٹ میں خریداری میں کمی کی گئی ہے ۔